ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس ایم ایل اے کے خلاف بدزبانی کے لئے اننت کمار ہیگڈے سے معافی کامطالبہ

کانگریس ایم ایل اے کے خلاف بدزبانی کے لئے اننت کمار ہیگڈے سے معافی کامطالبہ

Tue, 03 Jul 2018 13:40:49    S.O. News Service

سرسی3؍جولائی (ایس او نیوز)بنواسی کانگریس یونٹ نے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے سے مطالبہ کیا ہے کہ یلاپور  حلقے کے رکن اسمبلی کے خلاف انہوں نے جو بدزبانی کی ہے اس تعلق سے فوری طور پر معافی مانگیں۔

کانگریس بنواسی یونٹ کے صدر دیامنّا دوڈمنی نے پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا حال ہی میں مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کے بنواسی دورے کے موقع پر بی جے پی گرام پنچایت خاتون رکن نے اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کامطالبہ کیا تو مرکزی وزیر  نے نہایت ذلیل کرنے والے اندازمیں بات کی اور اپنی  بدتہذیبی کا مظاہرہ کیا۔اس سلسلے میں انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر معافی مانگیں۔اگر ایسا نہیں ہوتا تو پھر ہم لوگوں کو سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رکن اسمبلی شیورام ہیبار اپنے حلقے میں بہت سارے ترقیاتی کام انجام دے رہے ہیں۔یہاں کے اسپتال کا معیار بڑھانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے اپنے حلقے میں کتنا زیادہ کام کیا ہے اس کا جائزہ ایک بارگھوم پھر کرخود اننت کمار کولینا چاہیے۔ اور پھر ا س کے بعد بحث کی جائے۔ایم پی بن کر وزارت پانے والے اننت کمار کو پہلے یہ جان لینا چاہیے کہ ان کی اپنی کیا کیا ذمہ داریاں ہیں۔انہوں نے ضلع کے لئے کیا ترقیاتی کام کیے ہیں اور کیا تعاون کیا ہے یہ تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔

پریس کانفرنس میں موجود دیپک دوڈورو نے کہا کہ ایک سینئر ایم پی ہونے کے ناطے   اننت کمار ہیگڈے کو چاہیے کہ عوامی منتخب نمائندوں کو عزت و احترام دینا سیکھیں۔ مرکزی حکومت کی اسکیم رورل ہیلتھ ڈیولپمنٹ مشن کے تحت اسپتال کے مسائل حل کرکے دکھائیں۔

اس موقع پر کے پی سی سی سکریٹری سی ایف نائک، ضلع پنچایت رکن بسواراج دوڈمنی ، کے پی سی ایل ڈائریکٹر دیپک دوڈورو اور دیگر لیڈران موجود تھے۔


Share: